پی ٹی آئی کی 14 سالہ حکمرانی کے خاتمے پرن لیگ کا ہری پور میں یومِ تشکر جلسہ

Calender Icon جمعہ 6 نومبر 2026

ہری پور: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی طویل حکمرانی کے خاتمے کی خوشی میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، عوام امن کے حامی ہیں اور انہوں نے پی ٹی آئی کے بیانیے کو مسترد کردیا ہے۔

ہری پور میں پی ٹی آئی کی 14 سالہ حکمرانی کے خاتمے کی خوشی میں منعقدہ یومِ تشکر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ ایک دن کے نوٹس پر ہزاروں افراد کی شرکت عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔

پی ٹی آئی کے دور میں عوام بے چینی اور بنیادی مسائل کا شکار رہے، جبکہ ساڑھے تیرہ سال اقتدار میں رہنے کے باوجود صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جاسکا۔

انہوں نے کہا کہ عوام انتشار، احتجاج اور ذاتی مفادات کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، پی ٹی آئی قیادت کو اقتدار میں واپسی کے خواب دیکھنے کے بجائے اپنے دورِ حکومت اور عوامی وسائل کے استعمال کا حساب دینا چاہیے۔

امیر مقام نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دشمن کو بھرپور جواب دے کر پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی اتحاد کا لوہا منوایا۔

قوم اپنی افواج کے ساتھ کل بھی کھڑی تھی، آج بھی ہے اور آئندہ بھی ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے متحد رہے گی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دفاعی، سفارتی اور معاشی محاذوں پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہری پور کے عوامی نمائندوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقے میں گیس کی فراہمی، دانش اسکولز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے بابر نواز کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ عوامی مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

امیر مقام نے شہدائے جموں و کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

جلسے میں کیپٹن (ر) صفدر، سردار شاہ جہاں یوسف، مرتضیٰ جاوید عباسی، بابر نواز، شائستہ جدون اور صاحبزادہ حامد شاہ سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں:’13 لاکھ روپے کا سیرپ‘، جناح اسپتال میں جینیاتی دوا کی مفت فراہمی

شرکاء نے نواز شریف، شہباز شریف، امیر مقام اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے، جبکہ سابقہ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے مطالبات کیے۔