حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات(Petroleum Products) کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی نئی قیمتیں فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہیں۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اعلان کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5، 5 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد دونوں اہم ایندھن کی نئی قیمتیں 409 روپے 78 پیسے اور 409 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہیں۔ حکومتی فیصلے کے مطابق یہ کمی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور اندرونی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 23 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 311 روپے 73 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 318 روپے 96 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور توانائی کی بڑھتی ہوئی لاگت کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے باعث مقامی سطح پر قیمتوں پر نظرثانی کی گئی۔
مزیدپڑھیں:حکومت نے کفالت پروگرام کی سہ ماہی رقم 18 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کر لیا
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ ہفتوں میں مزید تبدیلیوں کا امکان بھی موجود ہے، تاہم اس کا انحصار بین الاقوامی تیل کی قیمتوں اور زرمبادلہ کی صورتحال پر ہوگا۔
عوامی حلقوں کی جانب سے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، تاہم بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ کمی وقتی ریلیف ہے اور اصل مسئلہ مہنگائی کے مجموعی دباؤ کو کم کرنا ہے۔












ہفتہ 16 مئی 2026 