انمول عرف پنکی کیس: عدالت کا تحریری فیصلہ جاری، جسمانی ریمانڈ منظور

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے بین الصوبائی منشیات کیس اور بغدادی تھانے میں درج قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی (Anmol alias Pinky) سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق سماعت کے دوران ملزمہ نے پولیس پر کسی قسم کے تشدد کی شکایت نہیں کی۔

تحریری حکم نامے میں بتایا گیا کہ تفتیشی افسر نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ملک میں منشیات کے ایک منظم نیٹ ورک کو چلانے میں ملوث ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کے قبضے سے بھی ملزمہ کی فراہم کردہ منشیات برآمد ہوئی تھیں۔

مزید پڑھیں؛کراچی میں جعلی سفری دستاویزات بنانے والا غیرقانونی ٹریول ایجنٹ گرفتار

عدالت کو بتایا گیا کہ مزید ملزمان کی گرفتاری اور نیٹ ورک کی مکمل تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔

دوسری جانب وکیل صفائی نے ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ملزمہ کا براہ راست منشیات سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوتا اور ان کے مطابق انہیں 22 دن سے پولیس تحویل میں رکھا گیا ہے، جہاں مبینہ طور پر ان سے غیر مصدقہ بیانات لیے جا رہے ہیں۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر مزید تفتیش کی ضرورت موجود ہے اور کیس میں پیش رفت کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جاتا ہے۔

عدالت نے ملزمہ کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر بغدادی پولیس کے حوالے کرتے ہوئے 18 مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے، ساتھ ہی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ تفتیش شفاف اور قانون کے مطابق مکمل کر کے پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جائے۔