متحدہ قومی موومنٹ (MQM) پاکستان نے پنجاب میں اپنی تنظیم نو کا فیصلہ کرتے ہوئے نئی تنظیمی ساخت تیار کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔
یہ فیصلہ پنجاب کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو لاہور کے پنجاب ہاؤس میں مرکزی رہنما اور بین الصوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج زاہد ملک کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں پورے پنجاب اور لاہور زون کی تنظیم نو کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی، جو آئندہ 10 دن میں عہدیداروں کے ناموں کو حتمی شکل دے کر مرکزی قیادت کو رپورٹ پیش کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق مرکزی منظوری کے بعد پنجاب میں نئی تنظیمی قیادت کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ اجلاس میں آئندہ بلدیاتی اور کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے لیے ممکنہ امیدواروں پر بھی غور کیا گیا۔
مزید پڑھیں؛انمول عرف پنکی کیس: عدالت کا تحریری فیصلہ جاری، جسمانی ریمانڈ منظور
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ فعال بلدیاتی نظام آئین کا تقاضا ہے اور صوبائی حکومتیں وفاق سے ملنے والے وسائل مقامی حکومتوں تک منتقل کریں۔
زاہد ملک نے اس موقع پر کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ملک کے متوسط اور غریب طبقے کی نمائندہ جماعت ہے اور موروثی سیاست کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔
اجلاس میں پنجاب کے ذمہ داران نے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹس بھی پیش کیں، جبکہ بابر گجر سمیت دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔












ہفتہ 16 مئی 2026 