ٹرمپ کی ایران کو سخت وارننگ، تہران نے امریکا پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

اگر ایران نے جنگ بندی معاہدہ (Ceasefire Agreement) نہ کیا تو سمجھو اس کے لیے حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں، ٹرمپ۔ امریکا پر اب اعتماد باقی نہیں رہا، ایرانی وزیر خارجہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے سے متعلق ایک بار پھر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جلد از جلد جنگ بندی معاہدہ کرے، ورنہ اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ حال ہی میں چین کے دورے سے واپس امریکا پہنچے ہیں، تاہم اس دورے کے دوران بھی ایران کے ساتھ کسی ممکنہ امن معاہدے پر کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔

مزید پڑھیں؛بنوں میں پولیس آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس اب وقت بہت کم رہ گیا ہے۔ اگر اس نے فوری طور پر امن معاہدے کی طرف پیش رفت نہ کی تو حالات اس کے لیے مزید خراب ہو جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا مزید تاخیر برداشت کرنے کے موڈ میں نہیں اور ایران کے مفاد میں یہی ہے کہ وہ جلد مذاکرات کی راہ اختیار کرے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مذاکرات کے حوالے سے پیغامات ضرور موصول ہوئے ہیں، لیکن ایران کو اب بھی امریکا کے اصل ارادوں پر شدید شکوک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات نے اعتماد کو بری طرح متاثر کیا ہے، کیونکہ مذاکرات کے دوران امریکا نے دو مرتبہ ایران پر حملے کیے۔ اسی وجہ سے تہران کو یقین نہیں کہ واشنگٹن واقعی سفارتی حل میں سنجیدہ ہے یا نہیں۔