بھارتی فلم انڈسٹری، خصوصاً تامل سینما کے معروف اور سینئر پروڈیوسر کے راجن (K-Rajan)کے مبینہ خودکشی کے واقعے نے فلمی دنیا کو سوگوار کر دیا ہے۔ 85 سالہ پروڈیوسر کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ چنئی میں اس وقت پیش آیا جب کے راجن اپنی گاڑی میں آدیار پل سے گزر رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے اچانک ڈرائیور سے گاڑی روکنے کو کہا اور چند لمحوں بعد گاڑی سے باہر نکل کر دریا میں چھلانگ لگا دی۔
ڈرائیور نے فوری طور پر ریسکیو اداروں کو اطلاع دی، جس پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ کچھ ہی دیر بعد حکام نے ان کی لاش دریا سے برآمد کر لی، جسے بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
مزیدپڑھیں:سلہٹ ٹیسٹ کاتیسراروز،بنگلہ دیش کو258رنز کی برتری حاصل
پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس اقدام کے پیچھے اصل وجوہات کیا تھیں۔ ابھی تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کے راجن نے 1980 کی دہائی کے آغاز میں تامل فلم انڈسٹری میں بطور پروڈیوسر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ متعدد کامیاب فلموں کے پروڈکشن سے وابستہ رہے اور کچھ فلموں کی ہدایت کاری بھی کر چکے تھے۔ وہ فلم ڈسٹری بیوٹرز کی ایک اہم ایسوسی ایشن کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔
ان کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد تامل فلم انڈسٹری کے متعدد فنکاروں، ہدایت کاروں اور مداحوں نے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کے کام اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔












پیر 18 مئی 2026 