بھمبر: وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام (Engineer Amir Muqam)نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک اور آزاد کشمیر کی ترقی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں بھی جلد مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوگی۔
بھمبر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان شمولیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں سابق صدر آزاد کشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان کے صاحبزادے اور سابق ممبر کشمیر کونسل راجہ بابر علی ذوالقرنین اور قیصر ذوالقرنین نے اپنے ہزاروں ساتھیوں، دوستوں اور خاندان سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے راجہ بابر علی ذوالقرنین اور ان کے ساتھیوں کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ یہ شمولیت پارٹی پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا وژن سب کے سامنے ہے اور یہی وژن ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ بھمبر میں دانش اسکول منصوبے کا جائزہ لینے آئے ہیں جو جلد مکمل ہوگا اور یہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے علاقے کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر پانچ دانش اسکول قائم کیے جائیں گے جبکہ مظفرآباد، مانسہرہ اور میرپور ایکسپریس وے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک ہیں اور حالیہ “معرکۂ حق” کے دوران کشمیری عوام نے جس جذبے اور حوصلے کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے اور پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص ابھر کر سامنے آیا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جہاں بھی اقتدار میں آئی وہاں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے اور آزاد کشمیر میں بھی پنجاب کی طرز پر ترقیاتی کام شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی اقدامات کو مثالی قرار دیا۔
مزیدپڑھیں:پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ دوبارہ خسارے میں، اپریل میں 324 ملین ڈالر کا نقصان
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے راجہ بابر علی ذوالقرنین اور ان کے ہزاروں ساتھیوں کو جماعت میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ راجہ ذوالقرنین خان ایک باوقار اور شفیق شخصیت ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کا شیڈول فوری طور پر جاری کیا جائے۔
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے جنرل سیکریٹری چوہدری طارق فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کر چکی ہے۔ انہوں نے راجہ بابر علی ذوالقرنین اور ان کے ساتھیوں کی شمولیت کو پارٹی کے لیے نیک شگون قرار دیا۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے راجہ بابر علی ذوالقرنین کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔
راجہ بابر علی ذوالقرنین نے اپنے خطاب میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد سابق صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین خان کی خواہش تھی کہ وہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں اور قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
تقریب سے مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ ڈویژن کے صدر سابق ایم این اے چوہدری عابد رضا نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پورے میرپور ڈویژن میں کامیابی حاصل کرے گی۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت، پارٹی عہدیداران، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شاندار استقبال کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے راجہ بابر علی ذوالقرنین کو مسلم لیگ (ن) کی ٹوپی اور مفلر بھی پہنایا۔












منگل 19 مئی 2026 