اسلام آباد سے راولپنڈی آنے والی میٹرو بس(Metro Bus) میں لگنے والی آگ پر ریسکیو ٹیموں نے قابو پالیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ آج صبح سکستھ روڈ میٹرو بس اسٹیشن پر پیش آیا جہاں اچانک بس میں آگ بھڑک اٹھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ اتنی شدید تھی کہ میٹرو بس مکمل طور پر جل گئی۔ ابتدائی اطلاعات میں بس کے انجن میں آگ لگنے کا ذکر کیا جا رہا ہے، تاہم واقعے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
واقعے کے بعد میٹرو بس روٹ پر سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا جبکہ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے بعد متاثرہ بس کو روٹ سے منتقل کرنے کے انتظامات بھی مکمل کر لیے ہیں۔
مزیدپڑھیں:2019 ورلڈ کپ کے ’’تھری ڈی‘‘ اسٹار وجے شنکر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
ریسکیو حکام کے مطابق خوش قسمتی سے واقعے کے وقت بس خالی تھی، جس کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔












ہفتہ 23 مئی 2026 