شام میں کارروائی، ترکیہ نے داعش کے 10 مشتبہ کارکن گرفتار کرلیے

Calender Icon ہفتہ 23 مئی 2026

ترکیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی ٹی نے شام میں کارروائی کرتے ہوئے داعش سے تعلق رکھنے والے 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ترکیہ منتقل کردیا۔

ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق یہ کارروائی شامی انٹیلی جنس کے تعاون سے کی گئی، جس میں گرفتار کیے گئے افراد پر الزام ہے کہ وہ ماضی میں ترکیہ میں ہونے والی دہشتگرد کارروائیوں سے منسلک رہے ہیں۔

مزید پڑھیں؛ایران جنگ کی ’مخالف‘ اور پاکستان کی ناقد امریکی انٹیلیجنس سربراہ تلسی گبارڈ اچانک مستعفی

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست افراد میں ایک ایسا مشتبہ شخص بھی شامل ہے جس کا تعلق 2015 میں انقرہ ٹرین اسٹیشن پر ہونے والے ہولناک بم دھماکے کے مرکزی ملزمان سے بتایا جا رہا ہے۔ اس حملے میں 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں داعش کے ترکیہ نیٹ ورک کا ایک اہم کارندہ بھی شامل ہے، جو مبینہ طور پر تنظیم کے مقامی ڈھانچے کی قیادت کرتا رہا ہے۔