امریکا ایران ثالثی مثبت نتیجے کی جانب بڑھ رہی ہے، خواجہ آصف

Calender Icon ہفتہ 23 مئی 2026

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششیں بتدریج مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں اور امید ہے کہ معاملات جلد کسی بہتر نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ امریکا ایران مذاکرات میں آہستہ آہستہ مثبت پیشرفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایران میں موجودگی بھی اس بات کا اشارہ ہے کہ صورتحال کسی ممکنہ حل کے قریب پہنچ رہی ہے۔

وزیر دفاع نے امید ظاہر کی کہ خطے میں جلد امن قائم ہوگا، جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑے عالمی بحران کو ٹالنے کے لیے اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان کی کوششیں کامیاب ثابت ہوں گی۔

مزید پڑھیں؛فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں سفارتی سرگرمیاں جاری، مثبت پیشرفت کی امید

معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مہنگائی ایک حقیقت ہے اور محدود وسائل رکھنے والے طبقات سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت بحالی کے عمل سے گزر رہی تھی، تاہم حالیہ جنگی صورتحال کے باعث اس پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی کا عمل نہ صرف سست ہوا بلکہ بعض شعبوں میں الٹا اثر بھی دیکھنے میں آیا ہے۔ خواجہ آصف کے مطابق اگر خطے میں امن قائم ہوجاتا ہے تو پاکستان کی معیشت کو سنبھالنے میں کافی آسانی ہوگی۔

وزیر دفاع نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنتا جا رہا ہے اور حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے۔