پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں نئی پیش رفت، دوطرفہ تجارت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی

Calender Icon ہفتہ 23 مئی 2026

پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ (Jane Marriott) نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں سفارتی، معاشی اور اسٹریٹجک تعاون مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت گزشتہ سال 6 ارب ڈالر سے تجاوز کر کے اب تک کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی ہے، جو باہمی اعتماد اور اقتصادی تعاون میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔

جین میریٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور برطانوی قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول کے درمیان حالیہ ملاقات میں دونوں ممالک نے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں؛ایران جنگ کے اثرات: 27 ممالک نے عالمی بینک سے ہنگامی مدد طلب کرلی

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ برطانیہ نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ یورپ میں پاکستان کا اہم ترین اقتصادی شراکت دار ہے اور اس وقت 200 سے زائد برطانوی کمپنیاں پاکستان میں سرگرم عمل ہیں۔ ان کمپنیوں کی مجموعی سرمایہ کاری 910 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برطانوی کمپنیاں پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ٹیکس آمدن بڑھانے اور برآمدات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

جین میریٹ کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط معاشی اشتراک نہ صرف سرمایہ کاری کے فروغ بلکہ پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے بھی اہم بنیاد فراہم کر رہا ہے۔