خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں(Bannu) کے علاقے میریان میں پاک فوج، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن میں 16 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کی گئی، جس میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مربوط حکمت عملی کے تحت علاقے کو گھیرے میں لیا۔
آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں جن کی شناخت زمری نور اور عبداللہ سعید کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ دونوں مبینہ طور پر علاقے میں دہشت گرد سرگرمیوں کی قیادت کر رہے تھے اور سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھے۔
مزیدپڑھیں:سارہ خان اور فلک شبیر کے گھر دوسری بیٹی کی پیدائش
فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے دو اہلکار کانسٹیبل وحید اللہ خان اور نوراللہ خان شہید ہو گئے۔ دونوں اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔
شہداء کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، پولیس افسران، مقامی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
اداروں نے واضح کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی شدت پسند گروہ کو دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔












اتوار 24 مئی 2026 