قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نادرا(Nadra) نے قومی شناختی کارڈ کے اجرا سے متعلق نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت پہلی مرتبہ شناختی کارڈ بنوانے والے شہریوں کے لیے دستخط کرنا اختیاری قرار دے دیا گیا ہے۔
نادرا کے مطابق اگر کوئی درخواست گزار پہلی بار شناختی کارڈ بنواتے وقت دستخط نہیں کرتا تو کارڈ پر دستخط کی جگہ “این اے” درج کیا جائے گا۔
ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ نئے قواعد کے تحت شناختی کارڈ پر انگوٹھے کے نشان یا کسی دوسرے نشان کی پرنٹنگ بھی نہیں کی جائے گی۔ ادارے کے مطابق یہ فیصلہ جعل سازی اور دستاویزات کے غلط استعمال کے خدشات کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
نادرا حکام کے مطابق انگوٹھے کے نشان کی تصویر کو بھی شناختی کارڈ پر شامل کرنے سے گریز کیا جائے گا تاکہ شہریوں کے بائیومیٹرک ڈیٹا کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ ناخواندہ افراد یا وہ شہری جو دستخط نہیں کر سکتے، ان کے لیے خصوصی آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے تاکہ نئے طریقہ کار کے بارے میں عوام کو مکمل معلومات فراہم کی جا سکیں۔
مزیدپڑھیں:بیوی کی رضامندی کے بغیر خلع نہیں دی جا سکتی، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ
نادرا نے موبائل ایپ کے ذریعے درخواست جمع کروانے والے صارفین کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ انگوٹھے کے نشان کی تصویر اپ لوڈ نہ کریں۔
حکام کے مطابق اگر کوئی شہری بعد میں شناختی کارڈ پر دستخط شامل کروانا یا موجودہ دستخط تبدیل کروانا چاہے تو اس کے لیے باقاعدہ درستگی کی درخواست دینا ضروری ہوگا۔
نادرا کا کہنا ہے کہ نئے قواعد سے شناختی دستاویزات کے اجرا کا عمل مزید شفاف، محفوظ اور آسان بنایا جا سکے گا، جبکہ جعل سازی کے امکانات میں بھی کمی آئے گی۔












اتوار 24 مئی 2026 