پاکستان اقوام متحدہ امن مشنز میں صفِ اوّل کے ممالک میں شامل، صدر مملکت کا خراجِ تحسین

Calender Icon جمعہ 29 مئی 2026

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری (Asif Ali Zardari) نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن (29 مئی 2026) کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں مشکل حالات میں خدمات انجام دینے والے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 183 پاکستانی اہلکاروں کی شجاعت اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، جنہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

صدر مملکت کے مطابق پاکستان گزشتہ چھ دہائیوں سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے اور ان ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ امن اہلکار فراہم کرتے ہیں۔ اب تک 270,000 سے زائد پاکستانی اہلکار چار براعظموں کے 48 مختلف یو این مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ مسلسل شمولیت اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور عالمی امن کے لیے ملک کے دیرینہ عزم کی عکاس ہے۔

مزید پڑھیں؛

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے قدیم ترین امن مشنز میں سے ایک، یونائیٹڈ نیشنز ملٹری آبزرور گروپ برائے انڈیا اور پاکستان (UNMOGIP) کی میزبانی بھی کر رہا ہے، جو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن دستے نہ صرف شہریوں کے تحفظ میں کردار ادا کرتے ہیں بلکہ انسانی امداد، اسپتالوں، اسکولوں اور بنیادی سہولیات کی بحالی میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی غیر یقینی صورتحال اور بڑھتے ہوئے تنازعات کے تناظر میں اقوام متحدہ کے امن مشنز کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ پاکستان عالمی امن و استحکام کے لیے اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے امن دستوں کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔