لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ: درست سفری دستاویزات والے مسافر کو آف لوڈ کرنا غیر قانونی قرار

Calender Icon جمعہ 29 مئی 2026

لاہور: لاہور ہائیکورٹ (Lahore High Court) نے قرار دیا ہے کہ اگر کسی مسافر کے پاس درست ویزا، ٹکٹ اور مکمل سفری دستاویزات موجود ہوں تو اسے آف لوڈ کرنا غیر قانونی عمل ہے۔

یہ فیصلہ جسٹس راحیل کامران نے مسافر کو آف لوڈ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد جاری کیا، جس پر 9 صفحات پر مشتمل تفصیلی حکم نامہ بھی جاری کیا گیا۔

عدالت نے شہری کو نائجیریا جانے سے روکنے کے ایف آئی اے کے اقدام کو کالعدم قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ محض خدشات کی بنیاد پر کسی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جا سکتا۔

فیصلے کے مطابق درخواست گزار کے پاس بورڈنگ کارڈ جاری ہو چکا تھا، تاہم اسے اچانک آف لوڈ کر دیا گیا۔ مسافر کو صرف اس اندیشے پر روکا گیا کہ وہ ممکنہ طور پر دبئی سے واپس نہ آئے گا۔

مزید پڑھیں؛دل دہلا دینے والا شوپیاں سانحہ: 17 سال گزر گئے، آسیہ اور نیلوفر کو آج تک انصاف نہ مل سکا

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار نہ کسی مقدمے میں مطلوب تھا، نہ ہی بلیک لسٹ یا ای سی ایل میں شامل تھا، اس لیے اسے روکنا قانون کے دائرہ کار سے تجاوز کے مترادف ہے۔

عدالتی رائے میں کہا گیا کہ بیرون ملک سفر آئین کے تحت ایک بنیادی حق ہے، اور اگرچہ ایف آئی اے کو سکیورٹی کے حوالے سے اختیارات حاصل ہیں، تاہم یہ اختیارات محدود اور قانون کے تابع ہیں۔

ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں ایف آئی اے کے لیے مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے حوالے سے رہنما اصول بھی جاری کیے ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی مسافر کو روکنے کی صورت میں واضح اور تفصیلی وجوہات تحریر کرنا لازمی ہوگا، جبکہ مسافر سے کیے گئے سوالات اور دیے گئے جوابات کا ریکارڈ بھی محفوظ رکھا جائے گا۔