چمن (Chaman)میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ علاقے میں کشیدگی کے باعث سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ میزئی اڈا کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد مقتولین کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ۔چمن شاہراہ کو مسے زئی کے مقام پر بند کر دیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
مزیدپڑھیں:ایران، اقتدار کے ایوانوں میں شدید ہلچل، صدر نے استعفٰی سپریم لیڈر کو بھجوا دیا؟
پولیس کے مطابق دوسرا واقعہ چمن کے علاقے دولنگی میں پیش آیا، جہاں دو قبائل کے درمیان مسلح تصادم ہو گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی چمن میں دو گروہوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔












پیر 1 جون 2026 