بھارتی موسیقی کی دنیا کی نامور گلوکارہ سمن کلیان پور(Suman Kalyanpur) 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ اتوار کی شام ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر عمر رسیدگی سے متعلق عارضوں کے باعث وفات پا گئیں۔
خاندانی ذرائع اور قریبی حلقوں کے مطابق سمن کلیان پور گزشتہ کچھ عرصے سے صحت کے مسائل کا شکار تھیں اور ان کی طبیعت مسلسل خراب رہ رہی تھی۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی بھارتی موسیقی اور فلمی صنعت میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
سمن کلیان پور 1960 اور 1970 کی دہائی میں اپنی سریلی آواز اور منفرد گائیکی کے باعث بے حد مقبول ہوئیں۔ انہوں نے اپنے دور میں کئی یادگار گیت گائے جو آج بھی سننے والوں کے دلوں میں تازہ ہیں۔ ان کے مشہور گانوں میں “نہ نہ کرتے پیار تمہیں سے کر بیٹھے”، “تم نے پکارا اور ہم چلے آئے” اور “آج کل تیرے میرے پیار کے چرچے” جیسے کلاسک شامل ہیں۔
اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران انہوں نے صرف ہندی ہی نہیں بلکہ مراٹھی، آسامی، کنڑ، بنگالی اور اوڑیا سمیت متعدد زبانوں میں گیت گائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بھجن، غزل اور ٹھمری جیسے کلاسیکی اصناف میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔
مزیدپڑھیں:نہال وڈولیا کا کرکٹر کی جانب سے نامناسب پیغامات کا دعویٰ
ان کی قریبی دوست اور سوانح نگار منگلا کے مطابق، اپنی زندگی کے آخری ایام میں وہ اکثر اپنے ہی گانے سنتی تھیں اور موسیقی سے گہرا لگاؤ برقرار رکھا ہوا تھا۔
ان کے انتقال کی خبر کے بعد بھارتی فنکاروں، موسیقاروں اور مداحوں کی بڑی تعداد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جہاں لوگ ان کی خدمات اور یادگار گیتوں کو یاد کر رہے ہیں۔
سمن کلیان پور کا شمار ان گلوکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے بھارتی فلمی موسیقی کے سنہری دور میں اپنی آواز سے ایک الگ پہچان بنائی اور ایک طویل عرصے تک سامعین کے دلوں پر راج کیا۔












پیر 1 جون 2026 