وزیراعظم کی زیر صدارت ریلوے ترقیاتی منصوبوں پر اہم اجلاس،ایم ایل ون اور ایم ایل تھری منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت

Calender Icon بدھ 3 جون 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) کی زیر صدارت پاکستان ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریلوے کے جاری منصوبوں، فریٹ سروس کی بہتری اور مستقبل کی پالیسی ترجیحات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سہولت اور ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے قابلِ ستائش پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی کارکردگی میں بہتری کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، تاہم طویل المدتی اور پائیدار ترقی کے لیے مزید جامع اصلاحات ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ریلوے کی مستقبل کی پالیسیوں میں فریٹ سروس کو مرکزی حیثیت دی جائے، کیونکہ جدید اور مؤثر فریٹ نظام نہ صرف صنعتی مصنوعات کی ترسیل کو آسان بناتا ہے بلکہ ادارے کی آمدن میں بھی نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میگا منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ریلوے کے انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ جاری بڑے منصوبوں کے لیے مالی اور انتظامی منظوریوں کے عمل کو پہلے سے مکمل کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کی غیر ضروری تاخیر یا رکاوٹ سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی میں شفافیت اور مؤثر انتظام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزیدپڑھیں:میرب علی سرجری کے بعد گھر منتقل، مداحوں سے دعاؤں کی اپیل

اجلاس میں ایم ایل ون، ایم ایل تھری اور تھر کول ریل منصوبے سمیت اہم میگا پراجیکٹس کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں قریبی تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ ترقیاتی رفتار کو تیز کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بروقت اور معیاری منصوبہ بندی سے نہ صرف تعمیراتی لاگت میں کمی آئے گی بلکہ قیمتی قومی وسائل کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ریلوے کے تمام منصوبے عالمی معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ فریٹ سروس میں جاری اصلاحاتی اقدامات کے باعث رواں مالی سال کے اختتام تک ریلوے کی آمدن 40 ارب روپے تک پہنچنے کی توقع ہے، جو ادارے کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہوگا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی، جبکہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔