معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر گرفتار، مقدمہ درج

Calender Icon اتوار 7 جون 2026

لاہور میں معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ندیم مبارک عرف ’’نانی والا‘‘کو پولیس نے گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ندیم مبارک کو تھانہ ڈیفنس سی کی حدود میں کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا، جس کے بعد انہیں ابتدائی طور پر ایک کمرے میں رکھا گیا اور بعد ازاں حوالات منتقل کر دیا گیا۔ ملزم کو جلد کینٹ کچہری میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقدمہ ٹریفک وارڈن انسپکٹر محمد فاہد الرحمن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ، کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازم کو دھمکانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹریفک وارڈنز نے ایک لگژری گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ندیم مبارک نے گاڑی روکنے کے بجائے مبینہ طور پر ون وے پر گاڑی بھگا دی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔

مزیدپڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دعوت پر لبنانی آرمی چیف کا دورۂ پاکستان، جنگ بندی پر اہم پیش رفت متوقع

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتاری کے بعد ملزم کی لگژری گاڑی بھی برآمد کر کے تھانہ ڈیفنس سی میں بند کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد رات کے وقت ان سے ملاقات کے لیے کوئی شخص تھانے نہیں پہنچا۔

پولیس کے مطابق ندیم مبارک نے دورانِ حراست دال چاول کھا کر رات گزاری۔ انہیں کالے رنگ کی پینٹ اور شرٹ میں حوالات میں رکھا گیا، جہاں وہ رات بھر بیدار رہے اور انہیں حوالات میں موجود سہولیات استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش جاری ہے جبکہ کیس کے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ملزم کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں مزید کارروائی کا فیصلہ ہوگا۔