دپیکا کےزعفرانی لباس پر اعتراض، بی جے پی کی شاہ رخ خان کی ’کنگ‘ کے بائیکاٹ کی دھمکی

Calender Icon جمعہ 6 نومبر 2026

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما رویندر سنگھ نیگی نے بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’کنگ‘ میں دپیکا پڈوکون کے زعفرانی لباس پر اعتراض کرتے ہوئے نے اداکار کو ’جہادی‘ قرار دے دیا اور فلم کے بائیکاٹ کی دھمکی دی ہے۔

بھارتی ویب سائٹ ’نیوز 18‘ کے مطابق دہلی کے علاقے پٹپڑ گنج سے بی جے پی کے رکن اسمبلی رویندر سنگھ نیگی نے فلم ’کنگ‘ کے گانے ’تو مل جائے‘ میں دپیکا پڈوکون کے زعفرانی رنگ کے لباس پر اعتراض کیا ہے۔

انہوں نے شاہ رخ خان اور فلم سازوں سے مطالبہ کیا کہ گانے سے متعلقہ منظر ہٹایا جائے، بصورت دیگر ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور فلم کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

رویندر سنگھ نیگی نے ایک انٹرویو میں شاہ رخ خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں ’جہادی‘ کہیں گے۔ ان کا الزام تھا کہ شاہ رخ خان اور ان جیسے لوگ بھارت سے پیسہ کماتے ہیں لیکن اسی ملک کو بدنام کرتے ہیں جبکہ دپیکا پڈوکون اس معاملے میں محض ایک مہرہ ہیں۔

بی جے پی رہنما نے دعویٰ کیا کہ زعفرانی لباس کا استعمال اُن کے مذہب کو بدنام کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے اور ہندو مذہب کے ماننے والے اس طرح کے اقدامات برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے اداکارہ دپیکا پڈوکون کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے کردار پر شرمندہ ہونا چاہیے۔

’پٹھان‘ کے بعد ایک بار پھر زعفرانی لباس پر تنازع
بی جے پی رہنما نے 2023 میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس فلم کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں بھی دپیکا پڈوکون نے زعفرانی رنگ کی بکنی پہنی تھی، جس پر اس وقت بھی تنازع کھڑا ہوا تھا۔

اس وقت بھی بعض ہندو تنظیموں اور بی جے پی رہنماؤں نے لباس کے رنگ پر اعتراض کرتے ہوئے فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا۔

رویندر سنگھ نیگی نے کہا کہ اگر ’کنگ‘ کے گانے سے ’متنازع‘ منظر نہیں ہٹایا گیا تو اس مرتبہ بھی ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے اداکارہ دیا مرزا کے دیوالی پر پٹاخے نہ جلانے سے متعلق بیان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال اٹھایا کہ عید پر جانوروں کی قربانی کے معاملے پر ایسے فنکار خاموش کیوں رہتے ہیں۔

شاہ رخ خان کی نئی فلم ’کنگ‘
شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ میں دپیکا پڈوکون بھی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند نے کی ہے اور اسے 24 دسمبر 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کیا جانا ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان کا بیرونی قرض ایک دہائی میں تقریباً دگنا ہوگیا

فلم کا گانا ’تو مل جائے‘ شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر 2 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس میں دپیکا پڈوکون زعفرانی لباس میں نظر آتی ہیں۔تاحال شاہ رخ خان، دپیکا پڈوکون یا فلم سازوں کی جانب سے بی جے پی رہنما کے مطالبے اور بائیکاٹ کی دھمکی پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔