نواز شریف دور میں سی پیک معاہدہ ایک خواب سے حقیقت بنا، احسن اقبال

Calender Icon منگل 9 جون 2026

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال(Ahsan Iqbal) نے چینی سفارتخانے کی جانب سے علاقائی صورتحال پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاک چین دوستی اور سی پیک کو پاکستان کی ترقی کا اہم ستون قرار دیا ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا میں ایک منفرد مثال ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ ان کے مطابق یہ تعلق گزشتہ 75 برسوں سے مسلسل مضبوط ہوتا جا رہا ہے اور اس میں کبھی زوال یا کمزوری کا دور نہیں آیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ کے پہاڑوں سے بھی بلند اور وقت کی ہر آزمائش پر پوری اترنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایک تاریخی رشتے کی حیثیت رکھتے ہیں جو ہر گزرتے سال کے ساتھ مزید گہرے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے خطاب میں کہا کہ 2013 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس وقت یہ منصوبہ ایک خواب کی حیثیت رکھتا تھا، تاہم چند ہی مہینوں میں اسے عملی روڈ میپ میں تبدیل کر دیا گیا۔

احسن اقبال کے مطابق ابتدائی مرحلے میں تقریباً 46 ارب ڈالر کے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں سے 25 ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری عملی شکل اختیار کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر اس منصوبے کو کامیابی سے آگے بڑھایا اور دونوں ممالک نے “یک جان دو قالب” ہو کر اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک اب صرف ایک منصوبہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی برانڈ بن چکا ہے، جس میں دنیا بھر کی کمپنیاں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔

مزیدپڑھیں:سی پیک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، وزیر اطلاعات

احسن اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال نے تقریباً 90 سال قبل چین کے عروج کی پیش گوئی کی تھی اور آج وہ پیش گوئی حقیقت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے پاکستان کا پہلا خلائی مشن بھیجنے کی تیاری جاری ہے جو دونوں ممالک کے سائنسی تعاون کی ایک نئی مثال ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کو نئے عزم کے ساتھ دوبارہ فعال کیا گیا ہے اور اس کے دوسرے مرحلے (فیز ٹو) پر بھی پیش رفت جاری ہے۔ ان کے مطابق پاکستان سی پیک کے اس نئے دور کے لیے مکمل طور پر پرعزم اور پرامید ہے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو مزید وسعت دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور علاقائی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک مل کر کام کر رہے ہیں۔