حکومت پنجاب نے محرم الحرام(Muharram) سکیورٹی کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔
پنجاب بھر میں دفعہ 144 یکم سے 10 محرم تک نافذ ہوگی،محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کوئی نئی اختراع نہیں ہو گی،مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی ہوگی۔
عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو مجروح کرنے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر مکمل پابندی عائدکردی گئی ہے،کسی بھی ذرائع یا ڈیوائس سے فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات اور تبصروں پر دفعہ 144 نافذہوگی۔
سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے پر سخت کارروائی ہوگی،جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر پابندی ہوگی،جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر پابندی عائدہوگی۔
مزیدپڑھیں:پرانی موٹر سائیکل کو نئی بنا کر فروخت کرنیوالے دکاندار کیخلاف 5 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ
جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر بھی پابندی ہوگی،بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی عائدہوگی،ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگاتاہم ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے پابندیاں ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت لگائیں،دفعہ 144 کا نفاذ محرم الحرام کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا،محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کے احکامات جاری کر دیے،محرم الحرام کے دوران نافذ پابندیوں کی تمام ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھرپور تشہیر اور عوامی آگاہی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔












جمعرات 11 جون 2026 