صحافی اسداللہ خان(Asadullahkhan) نے اپنے وی لاگ میں دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں بعض نجی اسپتالوں اور میڈیکل مراکز کو بیت الخلا کی تعداد کی بنیاد پر اضافی چارجز یا ٹیکس سے متعلق نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ’’ٹوائلٹ ٹیکس‘‘ کے نام سے بحث شروع ہو گئی ہے۔
وی لاگ میں اسداللہ خان کا کہنا تھا کہ محکمہ واسا کی جانب سے کمرشل بنیادوں پر قائم عمارتوں میں موجود بیت الخلا کے حساب سے چارجز عائد کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اگر کسی عمارت میں چار بیت الخلا موجود ہوں تو متعلقہ ادارے کو ماہانہ ہزاروں روپے اضافی ادائیگی کرنا پڑ سکتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ رحیم یار خان کے مختلف اسپتالوں کو اس حوالے سے نوٹسز موصول ہوئے ہیں۔ وی لاگ کے مطابق لالہ اقبال اسپتال کو 15 بیت الخلا کے لیے ماہانہ 37 ہزار 500 روپے کے چارجز کا نوٹس جاری کیا گیا، جبکہ ایک نجی سرجیکل اسپتال کو بھی بیت الخلا کی بنیاد پر ادائیگی کا کہا گیا۔
اسداللہ خان نے مزید دعویٰ کیا کہ ناصر میڈیکل کمپلیکس کو 17 بیت الخلا کے لیے 62 ہزار 500 روپے کا بل بھیجا گیا، جس پر متعلقہ حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
مزیدپڑھیں:پنجاب پولیس کا محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل
سوشل میڈیا پر اس معاملے کو ’’ٹوائلٹ ٹیکس‘‘ کا نام دیا جا رہا ہے، تاہم سرکاری سطح پر ابھی تک اس حوالے سے کوئی تفصیلی وضاحت سامنے نہیں آئی کہ یہ رقم باقاعدہ ٹیکس ہے، سیوریج چارجز ہیں یا کسی اور مد میں وصول کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس معاملے سے متعلق گردش کرنے والی معلومات زیادہ تر سوشل میڈیا اور وی لاگز پر مبنی ہیں، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے آنے کے بعد ہی صورتحال مکمل طور پر واضح ہو سکے گی۔












اتوار 14 جون 2026 