ویمنز T20 ورلڈکپ: بھارت کا پاکستان کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف

Calender Icon اتوار 14 جون 2026

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2026 کے گروپ میچ میں بھارتی ویمنز ٹیم(indian women’s team) نے پاکستان ویمنز ٹیم کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف دے دیا۔

برمنگھم ایجبسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔

بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد بھارتی مڈل آرڈر نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی، اوپنر سمرتی مندھانا نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

بھارت کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گری جب شیفالی ورما 6 رنز بنا کر سعدیہ اقبال کا شکار ہوئیں۔ میچ میں پاکستان کے خلاف بھارت کی دوسری وکٹ 18 کے اسکور پر گری جب جمائیما روڈریگز 1 رن بنا کر تسمیہ رباب کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔

ابتدائی دو وکٹیں صرف 18 رنز پر گرنے کے بعد بھارت دباؤ میں تھا، اس کے بعد سمرتی مندھانا اور ہرمن پریت کور نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا، مندھانا کی نصف سنچری نے بھارت کو مضبوط بنیاد فراہم کی، انہوں نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

تاہم پہلے مندھانا اور پھر کپتان ہرمن پریت کور بھی آؤٹ ہوئیں تو قومی خواتین ٹیم نے بھارت پر دباؤ بنانے کی کوشش کی، تاہم رِچا گھوش نے اختتامی اوورز میں برق رفتار بیٹنگ کرکے بھارت کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ شروع ہونے سے قبل ہی دونوں ٹیموں کے فینز بڑی تعداد میں اپنے ٹیموں کی سپورٹ کیلئے اسٹیڈیم پہنچے، ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔

بھارتی کپتان ہرمَن پریت کور نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے بہت اچھی لگ رہی ہے، اسی لیے ہم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ ورلڈ کپ نے ہمیں اعتماد دیا ہے۔ ہماری توجہ اپنی منصوبہ بندی پر عمل کرنے پر ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ پاکستان بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتا تھا، بطور ٹیم ہم بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ہمارے پاس مضبوط بولنگ یونٹ موجود ہے۔

مزید پڑھیں:عاشورہ محرم الحرام، ملک بھر میں 25 اور 26 جون کو تعطیل کا امکان

انہوں نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دیتی ہے لیکن ہمارے پاس بھی اچھا کمبی نیشن ہے اور ایک سخت مقابلے کی توقع ہے۔