امریکا، ایران امن معاہدہ مثبت سفارتکاری کی بڑی کامیابی ہے، فرخ خان

Calender Icon پیر 15 جون 2026

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) خواتین ونگ کی مرکزی صدر اور رکن قومی اسمبلی فرخ خان(Furrukh Khan) نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن، استحکام اور مثبت سفارتی پیش رفت کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔

اپنے بیان میں فرخ خان نے کہا کہ یہ معاہدہ کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے پرامن حل کی جانب ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے مذاکرات، سفارتکاری اور باہمی احترام پر مبنی حل کا حامی رہا ہے، اس لیے فریقین کا تصادم کے بجائے بات چیت اور مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا خوش آئند اور قابلِ ستائش اقدام ہے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی قیادت نے خطے میں امن کے قیام اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں مثبت کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ اور اس عمل میں شامل سفارتی ٹیموں کی مسلسل کوششیں بھی قابلِ تحسین ہیں، جنہوں نے معاہدے کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

فرخ خان نے کہا کہ یہ امن معاہدہ نہ صرف خطے میں سیاسی استحکام کو فروغ دے گا بلکہ اقتصادی تعاون، تجارتی سرگرمیوں اور باہمی روابط کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں:ایران امریکہ معاہدہ، پاکستان کا مثبت تشخص مزید اجاگر ہوا، مصطفیٰ ملک

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیش رفت عالمی تنازعات کے حل میں سفارتکاری، مذاکرات اور سیاسی بصیرت کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے اور دنیا کے لیے ایک مثبت مثال ہے۔