چین اور روس کو ڈیٹا منتقلی کا خدشہ، اینتھروپک کے ‘اے آئی’ ماڈلز تک عالمی رسائی معطل

Calender Icon بدھ 17 جون 2026

چین،(China) روس(Russia) اور دیگر ممالک کی فوجی انٹیلی جنس کی جانب سے حساس ٹیکنالوجی کے استعمال کے خدشات کے پیشِ نظر اینتھروپک کے جدید ترین ‘میتھوس’ اور ‘فیبل’ اے آئی ماڈلز تک عالمی ڈیجیٹل رسائی فوری طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

امریکی محکمہ تجارت نے 2018 کے ایکسپورٹ کنٹرول ریفارم ایکٹ کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کا پہلی بار استعمال کرتے ہوئے کمپنی کو تمام غیر ملکی شہریوں کے لیے ان ماڈلز کی خدمات روکنے کا حکم دیا ہے۔

اس سخت فیصلے کے بعد اینتھروپک نے عالمی سطح پر اپنے ٹاپ ٹیر ماڈلز کو آف لائن کردیا ہے، جس کے بعد اب دونوں فریقین کے درمیان واشنگٹن میں بحران کے حل کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مذاکرات جاری ہیں۔

مزیدپڑھیں:مشہور بھارتی انفلوئنسر اوری کا سوشل میڈیا کی ہوش ربا کمائی کا انکشاف

سائبر سیکیورٹی حکام کے مطابق ان ماڈلز کے حفاظتی نظام کو بائی پاس یا ‘جیل بریک’ کر کے سافٹ ویئر کی خامیاں تلاش کرنے کے لیے استعمال کیے جانے کا خطرہ موجود تھا، جبکہ کمپنی کا مؤقف ہے کہ اس سے صرف معمولی نوعیت کی خامیاں ہی سامنے آسکتی ہیں۔

اس سے قبل خودکار ہتھیاروں کے نظام اور ملکی نگرانی کے لیے امریکی فوج کو ٹیکنالوجی کی فراہمی سے انکار پر کمپنی کو پہلے ہی قومی سلامتی کی بلیک لسٹ میں شامل کیا جا چکا ہے۔

ٹیکنالوجی کی دنیا میں اس پابندی کے خلاف شدید ردِعمل سامنے آیا ہے اور نویدیا اور ایڈوب سمیت بڑی کمپنیوں کے 80 سے زائد اعلیٰ سائبر سیکیورٹی ماہرین نے اس اقدام کی مخالفت کی ہے۔