سائنسدانوں نے الزائمرمرض سے نمٹنے کا حیران کن نیا طریقہ دریافت کرلیا

Calender Icon جمعرات 18 جون 2026

چین میں سائنس دانوں نے الزائمر(Alzheimer Diseases) (دماغی کمزوری اور نسیان) کی بیماری سے نمٹنے کا ایک حیران کن نیا طریقہ دریافت کیا ہے، اس میں دماغ کے بجائے جگر کو ہدف بنایا گیا ہے۔

سائنسدانوں کی اس تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اگر جگر کے خون سے ایک زہریلے چپچپے پروٹین، جسے ایمائلوئیڈ کہا جاتا ہے، کو صاف کرنے کی صلاحیت بڑھا دی جائے تو دماغ میں اس کے جمع ہونے کے عمل کو کم کیا جا سکتا ہے، بلکہ یادداشت کی کمزوری کو بھی نہ صرف روکا بلکہ واپس کیا جا سکتا ہے۔

سائنسدانوں کی جانب سے چوہوں پر کی گئی یہ تحقیق، جو حال ہی میں سائنسی جریدے نیورون میں شائع ہوئی، اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ جگر الزائمر کی بیماری میں پہلے کے اندازوں سے کہیں زیادہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق جگر کو ہدف بنانے والی تھراپیز اس لاعلاج بیماری سے تحفظ کا ایک نیا راستہ فراہم کر سکتی ہیں، جو دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو متاثر کرتی ہے۔

یہ سمجھا جاتا ہے کہ الزائمر کی بیماری ایمائلوئیڈ کے غیر معمولی جمع ہونے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ یہ پروٹین دماغی خلیات کے درمیان پلاکس کی شکل اختیار کر لیتا ہے اور ان سگنلز کو روک دیتا ہے جن کے ذریعے خلیات آپس میں رابطہ کرتے ہیں۔

ایک دوسرا پروٹین، ٹاؤ بھی نقصان کا باعث بنتا ہے۔ یہ مڑ کر الجھی ہوئی ساختیں بنا لیتا ہے جو دماغی خلیات کے اندر پیدا ہو کر انہیں اندر سے تباہ کر دیتی ہیں۔

موجودہ ادویات بیماری کی رفتار کو سست تو کر سکتی ہیں، لیکن اسے روک یا الٹ نہیں سکتیں اور ان میں سے بہت سی ادویات کے پریشان کن مضر اثرات بھی ہوتے ہیں، جیسے متلی، چکر آنا اور بعض صورتوں میں دماغ میں سوجن یا خون بہنا شامل ہے۔

ایملوئیڈ ایک فضلہ نما مادہ ہے جو اس وقت پیدا ہوتا ہے جب دماغی خلیے اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں کے دوران پروٹینز کو توڑتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے گاڑی کے انجن سے دھواں خارج ہوتا ہے۔ دماغ مسلسل ایملوئیڈ بناتا رہتا ہے اور عام حالات میں اسے مؤثر طریقے سے صاف بھی کر دیتا ہے۔

مزید پڑھیں:مئی 2026 میں 2 لاکھ 78 ہزار پاکستانی ملازمت کیلئے بیرون ملک گئے

لیکن دماغ میں بننے والے ایملوئیڈ کا تقریباً 60 فیصد خون میں شامل ہو جاتا ہے، جہاں جگر اسے توڑنے اور جسم سے خارج کرنے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ اس عمل کے لیے جگر بھی ایملوئیڈ کو صاف کرنے میں اے پی او ای جین کی مدد لیتا ہے۔