وزیراعظم نے پٹرول 74 اور ڈیزل 67 روپے فی لیٹر سستا کرنے کااعلان کردیا

Calender Icon جمعہ 19 جون 2026

وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے خطے میں امن و استحکام اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد عوام کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا اعلان کر دیا۔

وزیرِ اعظم نے اپنے اہم خطاب میں کہا کہ خطے میں معاشی صورتحال میں بہتری اور تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا، آج اللہ کے فضل و کرم سے اسے پورا کرنے جا رہی ہے۔

اعلان کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔ اس فیصلے کے بعد پٹرول کی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات اور معاشی دباؤ سے پوری طرح آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے مشکل ترین حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور حکومت کا بھرپور ساتھ دیا، جس پر پوری قوم خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ بحران کے آغاز سے ہی حکومت نے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے ذریعے 129 ارب روپے خرچ کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کی۔

وزیرِ اعظم کے مطابق خطے میں معاشی کشیدگی کے دوران کئی ممالک کو ایندھن کی راشننگ اور توانائی بحران جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پاکستان میں مؤثر حکومتی منصوبہ بندی کی بدولت نہ صرف توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا بلکہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی بھی یقینی بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کہیں لمبی قطاریں نہیں لگیں اور نہ ہی ایندھن کی قلت پیدا ہوئی۔

مزیدپڑھیں:پرو ہاکی لیگ، پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا، کپتان کو برطانیہ کا ویزہ نہ مل سکا

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے باہمی تعاون نے ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، جس پر وہ تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کے شکر گزار ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت آئندہ بھی مہنگائی میں کمی اور معاشی استحکام کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کی ثالثی کی بدولت خطے میں امن ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک تاریخی پیش رفت ہے جس نے پاکستان کا عالمی وقار بلند کیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خصوصی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، قائدانہ صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث امن معاہدہ ممکن ہوا۔ انہوں نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور حکومتی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہا۔

انہوں نے معاشی ٹیم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جن میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری پیٹرولیم اور چیئرمین ایف بی آر شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان تمام افراد نے معاشی بحران کے دوران قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔

وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہے گی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی ہر کمی من و عن عوام تک منتقل کی جاتی رہے گی۔