پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے بعد امریکا نے ایران کے کچھ منجمد اثاثے جاری کر دیے، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پابندیوں میں نرمی اور اقتصادی بحالی کے حوالے سے اہم اعلانات کیے ہیں۔
سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کی ثالثی کے نتیجے میں لبنان جنگ کے خاتمے کے لیے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ ایران کے لیے ایک بڑے تعمیرِ نو اور ترقیاتی منصوبے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:ایران، امریکا مذاکرات میں پیش رفت، قطر اور پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری
عباس عراقچی کے مطابق امریکا نے ایران کے بعض منجمد اثاثے بحال کر دیے ہیں، جبکہ ایران کی تیل اور پیٹروکیمیکل برآمدات پر عائد پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران پر عائد ناکہ بندی بھی اٹھا لی گئی ہے، جس سے ملکی معیشت کو سہارا ملنے کی توقع ہے۔
اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مذاکرات کے دوران حتمی معاہدے کی بنیاد رکھنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی اور دوسرے فریق کی جانب سے ذمہ داریوں پر عمل درآمد کے حوالے سے مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی۔
واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تھا، جس میں مذاکرات کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام اور حتمی معاہدے کے لیے 60 روزہ روڈ میپ کی منظوری کا اعلان کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق فریقین تکنیکی مذاکرات کو آگے بڑھاتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔












پیر 22 جون 2026 