امریکا میں تعینات روس کے سفیر الیگزینڈر دارچییف(Alexander Darchiev) 66 برس کی عمر میں ماسکو میں اچانک انتقال کر گئے ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق الیگزینڈر دارچییف طویل عرصے سے ایک عارضے میں مبتلا تھے اور ماسکو میں زیرِ علاج تھے۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں ان کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک غیر معمولی پیشہ ور سفارت کار قرار دیا ہے جنھوں نے روسی خارجہ پالیسی کے انتہائی حساس اور مشکل ترین محاذ پر خدمات انجام دیں۔
امریکی نیوز چینل ’سی این این‘ کے مطابق الیگزینڈر دارچییف واشنگٹن میں سفارتی ذمہ داریاں نبھانے کے بعد طویل عرصے سے لاحق بیماری کے علاج کی غرض سے ماسکو واپس آئے تھے جہاں وہ انتقال کر گئے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخاروا نے بھی ان کی بیماری کی تصدیق کی ہے۔
مزیدپڑھیں:غیر ملکی صدر کی آمد، فرانسیسی اہلکار بے ہوش ہوکر گر پڑا
تجربہ کار سفارت کار الیگزینڈر دارچییف نے مارچ 2025 سے واشنگٹن میں بطور روسی سفیر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور ان کے دورِ منصب میں امریکا اور روس کے تعلقات میں ایک نیا موڑ اس وقت آیا جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماسکو کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کا آغاز کیا اور یوکرین کے لیے امداد میں کمی کی۔
امریکا کے محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ انہیں الیگزینڈر دارچییف کے انتقال کی اطلاع مل گئی ہے اور انہوں نے ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اپنے طویل سفارتی کیریئر کے دوران الیگزینڈر دارچییف نے واشنگٹن میں روسی وزارت خارجہ کے شمالی اٹلانٹک کے شعبے کی سربراہی بھی کی تھی، جبکہ وہ 2014 سے 2021 تک کینیڈا میں روس کے سفیر کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔
روسی حکام اور عالمی سطح پر ان کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ تاحال ان کی تدفین یا جانشین کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔












جمعرات 12 نومبر 2026 