وفاقی وزارتوں کیلئے 482 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹس منظوری کا عمل مکمل ہوگیا

Calender Icon بدھ 24 جون 2026

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے دوران مختلف وزارتوں، ڈویژنوں اور قومی اداروں کی اضافی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس(Supplementary Grants) کی منظوری کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں مجموعی طور پر 482 ارب روپے سے زائد مالیت کے مطالباتِ زر کی منظوری دی گئی۔

منظور شدہ سپلیمنٹری گرانٹس میں سب سے زیادہ رقم پاور ڈویژن، وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی خدمات، قومی صحت، غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ سمیت اہم شعبوں کے لیے مختص کی گئی ہے۔ پاور ڈویژن کے لیے 105 ارب 50 کروڑ روپے جبکہ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈویژن کے لیے 57 ارب 18 کروڑ 98 لاکھ روپے کی اضافی گرانٹ منظور کی گئی۔

اسی طرح دفاعی خدمات کے لیے 33 ارب 96 کروڑ 81 لاکھ روپے، قومی صحت خدمات کے لیے 29 ارب 66 کروڑ 53 لاکھ روپے اور غربت کے خاتمے و سماجی تحفظ ڈویژن کے لیے 22 ارب 35 کروڑ 35 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹس منظور کی گئیں۔

حکومت نے گرانٹس، سبسڈیز اور متفرق اخراجات کی مد میں 127 ارب 41 کروڑ 10 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی ہے، جبکہ داخلہ و انسداد منشیات ڈویژن، اطلاعات و نشریات، آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، کامرس، ہاؤسنگ اینڈ ورکس، موسمیاتی تبدیلی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور دیگر اہم اداروں کے لیے بھی اضافی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔

ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جن میں ریونیو ڈویژن، پاور ڈویژن، آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، وفاقی تعلیم، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC)، ریلوے ڈویژن اور سول ورکس کے سرمایہ جاتی اخراجات شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:BISP میں اربوں روپے کا اسکینڈل، آڈٹ رپورٹ میں سنسنی خیز انکشاف

حکومتی ذرائع کے مطابق سپلیمنٹری گرانٹس کا مقصد قومی ترقیاتی منصوبوں، عوامی خدمات، توانائی، تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ کے پروگراموں کے لیے درکار اضافی مالی وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ جاری منصوبوں اور سرکاری امور میں رکاوٹ نہ آئے۔