ہائبرڈنظام چلنا چاہیے، پنڈی اسلام آباد میں تناؤ سے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچا، خواجہ آصف

Calender Icon بدھ 24 جون 2026

اسلام آباد، وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک کے سیاسی، معاشی اور انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سویلین حکومت اور عسکری قیادت کے مابین قائم موجودہ ورکنگ ریلیشن شپ یعنی “ہائبرڈ سسٹم” (Hybrid system)کے تسلسل کی کھل کر حمایت کردی، جس کا انہوں نے ملک کی بقا اور ترقی کو جواز قرار دیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ “ہائبرڈ سسٹم” کو چلنا چاہئے، کیوں کہ سویلین اور عسکری اداروں کا مل کر ملکی مفاد میں کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ملک کی ماضی کی سیاسی تاریخ اور مقتدر حلقوں کے مابین تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مؤقف اپنایا کہ جب بھی اسلام آباد یعنی سویلین حکومت اور راولپنڈی یعنی ملک کی عسکری قیادت کے درمیان تناؤ یا دوری کی صورتحال پیدا ہوئی ہے تو اُس سے ہمیشہ صرف اور صرف پاکستان کو نقصان پہنچا۔

وزیر دفاع کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اس بات کا شدید اور گہرا احساس ہے کہ ملک کو مزید کسی بحران کا شکار نہیں کیا جا سکتا، دونوں رہنما اس بات پر مکمل متفق ہیں کہ پاکستان کو آئینی، معاشی اور سیاسی طور پر ہر صورت پٹڑی پر رہنا چاہئے، کیونکہ موجودہ عالمی اور داخلی صورتحال میں اِسی تسلسل کے اندر ہماری قومی نجات ہے۔

خارجہ پالیسی اور حالیہ سفارتی کامیابیوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے مابین ثالثی کا کردار ادا کرنے کے نتیجے میں پاکستان کو جو عزت اور آبرو ملی ہے، وہ ہمارے لیے سب سے قیمتی چیز ہے۔

مزید پڑھیں:سوئٹزرلینڈ میں بڑا سکیورٹی لیپ؟ پاکستانی انٹیلیجنس کی بروقت کارروائی،ناکام بنا دیا

اگرچہ یہ ایک طویل اور لمبا سفر ہے، لیکن معاشی خوشحالی کی منزل کی طرف پاکستان کا پہلا اور مضبوط قدم اب اٹھ چکا ہے، عالمی برادری میں امن کے پیامبر کے طور پر ابھرنے سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری اور معاشی استحکام کے نئے راستے کھلیں گے۔