پاکستان ایران سے سستا تیل(oil) اور گیس کی خریداری کب شروع کرے گا اس حوالے سے وفاقی وزیر پٹرولیم نے خوشخبری سنا دی۔
علی پرویز ملک نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے قیمتوں کو گرایا، اور بین الاقوامی منڈی کی قیمت سے کم قیمت ہم نے دی۔ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے130 ارب کی سبسڈی دی۔ موٹر سائیکل، ریلوے اور ٹرک والوں کو سبسڈی دی گئی، لیکن عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ خام تیل کی قیمت میں گراوٹ آئی ہے، تاہم قیمتیں ابھی جنگ سے پہلے والی سطح پر نہیں آئی ہیں۔ اگر قیمتیں کم ہوتی ہیں اور تو پٹرول پمپ پر بھی وہی قیمت ہو گی۔
پرویز ملک نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمت جیسے ہی 76 ڈالر کی سطح پر آئے گی عوام کو ریلیف دیں گے پٹرول کی قیمت کم کرنے میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور نہ ہی کسی کے دباؤ میں آ کر فیصلہ کریں گے، جو حق اور سچائی کا راستہ ہوگا اس پر آواز اٹھاتے نظر آئیں گے۔ کسی کو نقصان ہو یا فائدہ وزیراعظم نے مجھے کہا ہے میرٹ پر فیصلہ کرو۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ آر ایل این جی کنکشن جلد کھول دیے جائیں گے، جب کہ ایران سے تیل اور گیس سستا خریدنے پرغور کر رہے ہیں۔ اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں گے، کم قیمت ہو گی تو ایل این جی خرید سکتے ہیں۔
علی پرویز ملک نے ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں ہے۔ کیس کی پیروی کر رہے ہیں اور ایرانی بھائیوں سے مل کر معاملات کو حل کریں گے۔












اتوار 28 جون 2026 