مفرور سابق وزیر اعظم حسینہ واجد کا بنگلادیش واپس جانے کا اعلان

Calender Icon اتوار 28 جون 2026

بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد (Hassina Wajid)نے رواں سال وطن واپسی کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ عوامی لیگ کو ختم کرنا ممکن نہیں کیونکہ یہ صرف ایک جماعت نہیں بلکہ عوام کی طاقت ہے۔

انہوں نے اپنے خلاف مقدمات اور سزائے موت کے فیصلے کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی وطن واپسی کسی ذاتی خواہش کا نتیجہ نہیں بلکہ بنگلادیش میں جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کے سیاسی حقوق کی بحالی سے جڑی ہوئی ہے۔

شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ وہ اقتدار کے لیے نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور بانی بنگلادیش شیخ مجیب الرحمٰن کے “سنہری بنگلا” کے خواب کی تکمیل کے لیے سیاست کرتی ہیں۔

انہوں نے اپنے خلاف سزائے موت کے فیصلے کو غیر آئینی، غیر قانونی اور سیاسی انتقام پر مبنی کارروائی قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عدلیہ کو عوامی لیگ کو قیادت سے محروم کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ وہ موت سے نہیں ڈرتیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 21 اگست کے گرینڈ حملے میں بھی انہیں نشانہ بنایا گیا۔ لیکن تمام سازشوں کے باوجود وہ عوام کے ساتھ کھڑی رہیں۔ وہ عوام کے ووٹوں سے 5 مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہوئیں اور اپنے دور حکومت میں ملک کی ترقی کے لیے کام کیا۔ اسی لیے انہیں یقین ہے کہ تمام رکاوٹوں اور سازشوں کے باوجود وہ اس سال اپنے وطن واپس آئیں گی۔

مزیدپڑھیں:امریکا، ایران کشیدگی کے باوجود بٹ کوائن 60 ہزار ڈالر کے قریب مستحکم

انہوں نے کہا کہ عوامی لیگ کوئی کاغذی تنظیم نہیں بلکہ بنگال کی سرزمین، عوام، تاریخ اور بنگالی قوم کی شناخت سے جڑی ہوئی ایک مضبوط سیاسی قوت ہے۔ جو ماضی میں پابندیوں اور مشکلات کے باوجود ہر بار پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھری ہے۔