عالمی منڈی میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ،سرمایہ کار پریشان

Calender Icon بدھ 1 جولائی 2026

عالمی منڈی میں بدھ کے روز سونے کی قیمتوں(Gold Rates) میں کمی دیکھی گئی، جس کی بڑی وجہ امریکی ٹریژری ییلڈز میں اضافہ اور امریکی ڈالر کی مضبوطی قرار دی جا رہی ہے۔

اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.7 فیصد کمی کے بعد 3,979.41 ڈالر فی اونس پر آگئی جبکہ گزشتہ سیشن میں یہ 3,942.99 ڈالر فی اونس تک گر گئی تھی، جو گزشتہ نومبر کے بعد اس کی کم ترین سطح تھی۔

امریکی گولڈ فیوچرز بھی کم ہو کر 3,992.70 ڈالر فی اونس پر آگئے، گزشتہ روز سونے نے گزشتہ 13 برس کی سب سے بڑی سہ ماہی کمی بھی ریکارڈ کی، جبکہ مسلسل چوتھے ماہ بھی گراوٹ کا رجحان برقرار رہا۔

ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی مضبوطی اور ٹریژری ییلڈز میں اضافہ سونے کی قیمتوں پر دباؤ کا سبب بن رہے ہیں، مارکیٹ تجزیہ کار ایلیا اسپیوک کے مطابق بلند ییلڈز اور مضبوط ڈالر سونے کی قیمت میں کمی کا بنیادی سبب ہیں۔

فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات بھی مارکیٹ پر اثر انداز ہو رہے ہیں، کلیولینڈ فیڈ کی صدر بیتھ ہیمک نے کہا ہے کہ اگر مہنگائی میں کمی نہ آئی تو شرح سود میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

مزیدپڑھیں:ایک نئی ایئرلائن کو سرٹیفکیٹ جاری ،جلد فلائٹ آپریشن شروع کرے گی

مارکیٹ میں ستمبر میں شرح سود میں اضافے کے تقریباً 67 فیصد امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جبکہ سرمایہ کار امریکی روزگار سے متعلق اہم ڈیٹا کے منتظر ہیں۔

اسی دوران عالمی سیاسی صورتحال کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کیونکہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی نے سفارتی پیش رفت کے امکانات کم کر دیے ہیں۔

ادھر چاندی کی قیمت 1.4 فیصد کمی کے بعد 57.75 ڈالر فی اونس پر آگئی، پلاٹینم 0.6 فیصد کمی کے بعد 1,542 ڈالر پر جبکہ پیلاڈیم 0.4 فیصد کمی کے ساتھ 1,199.34 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا۔