آزاد کشمیر کی سیاست میں بڑا اپ سیٹ، ن لیگ اورپیپلز پارٹی امیدوارآئی پی پی میں شامل

Calender Icon بدھ 1 جولائی 2026

اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات(Kashmir General Elections) سے قبل سیاسی منظرنامے میں اہم تبدیلی سامنے آئی ہے۔

کوٹلی سے پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دو امیدوارانِ اسمبلی نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا، جسے انتخابی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کے دوران ایل اے 8 کے امیدوار ملک ذوالفقارعلی اور ایل اے 10 کے امیدوارملک محمد یوسف نے باقاعدہ آئی پی پی میں شمولیت اختیارکرلی۔

اس موقع پر عبدالعلیم خان نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی پرچم پہنایا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کے مستقل حل، ترقیاتی منصوبوں اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید انفراسٹرکچر، بہتر سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور عوام کی محرومیاں دور کی جائیں گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ استحکام پاکستان پارٹی آئندہ آزاد کشمیر انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔

اس موقع پر استحکام پاکستان پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عون چوہدری بھی موجود تھے۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کے بلدیاتی نمائندوں، سماجی و سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

عبدالعلیم خان سے ملاقات کرنے والوں میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک محمد الیاس، چوہدری امیر قابل، ملک نظام اقبال منہاس، ملک محمد مشتاق، ملک سرمد علی، چوہدری محمد اشرف، ماجد ملک ایڈووکیٹ، ملک خالد محمود اور سابق صدر اساتذہ تنظیم حافظ کاظم ملک بھی شامل تھے۔

مزید پڑھیں:آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لیں گے، اعلیٰ ایرانی قیادت کا انتباہ

سیاسی مبصرین کے مطابق انتخابات سے قبل مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کی وفاداریاں تبدیل ہونے سے آزاد کشمیر کی انتخابی فضا مزید گرم ہونے کا امکان ہے۔