برطانیہ:33 ملین بجلی و گیس صارفین کے بلوں میں آج سے 13 فیصد اضافہ

Calender Icon بدھ 1 جولائی 2026

لندن: انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ کے تقریباً 33 ملین گھرانوں کے بجلی و گیس کے بلوں میں آج یکم جولائی سے 13 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔

انرجی ریگولیٹر آف جیم کے نئے پرائس کیپ کے تحت گیس کے بل میں 24 فیصد اور بجلی کے بل میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے، گیس کی قیمت میں زیادہ اضافہ عالمی سطح پر اس کی قیمت بڑھنے کے باعث ہوا ہے۔

تاہم ماہرین کے مطابق گرمیوں کے موسم میں بجلی و گیس کے کم استعمال کی وجہ سے صارفین کو اس کا زیادہ اثر محسوس نہیں ہوگا۔

بجلی و گیس کی قیمتوں کا جائزہ تین ماہ بعد اکتوبر میں دوبارہ لیا جائے گا، آف جیم نے اسمارٹ میٹرز نہ رکھنے والے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر بجلی و گیس کے میٹروں کی ریڈنگ جمع کروا دیں، تاکہ استعمال شدہ انرجی پر نئی اور زیادہ قیمت وصول نہ کی جائے۔

آف جیم کے نئے پرائس کیپ کے تحت ایک اوسط گھرانے کے ماہانہ انرجی بل میں تقریباً 18 پاؤنڈ کا اضافہ ہو جائے گا۔

مشاورتی ادارے کارنوال انسائیڈ کے تجزیہ کاروں کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث انرجی کی قیمتیں موسم سرما تک برقرار رہنے کا امکان ہے، ادارے نے یہ پیش گوئی بھی کی ہے کہ اکتوبر میں پرائس کیپ میں صرف 0.5 فیصد کمی آ سکتی ہے، جس سے حکومت پر ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے دباؤ بڑھے گا۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب کے کئی اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے،شدت 5.3 ریکارڈ

جن صارفین نے فکس ٹیرف لیا ہوا ہے ان کے معاہدے کی مدت ختم ہونے تک فی یونٹ قیمت تبدیل نہیں ہوگی۔ تقریباً 40 فیصد صارفین فکسڈ ٹیرف پر ہیں۔