اسلام آباد ،حکومتِ پاکستان کےڈیجیٹل پاکستان(Digital Pakistan) وژن کے تحت حج رجسٹریشن کے عمل میں صرف دو ہفتوں کے مختصر عرصے کے دوران ملک بھر سے سوا دو لاکھ سے زائد عازمینِ حج نے گھر بیٹھے کامیابی کے ساتھ اپنی آن لائن رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2027ء سے 2030ء تک کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل تاحال کامیابی سے جاری ہے، نیشنل آئی ٹی بورڈ کی تیار کردہ جدیدپاک حج ایپ اور آن لائن ویب پورٹل نے حج رجسٹریشن کو آسان اور تیز بنا دیا ہے
جاری کردہ آفیشل ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ اب تک رجسٹرڈ ہونے والے عازمین میں سے اکثریت نے سرکاری اسکیم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد عازمین نے سرکاری حج اسکیم کا انتخاب کیا۔
جبکہ 58 ہزار سے زائد افراد نے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت خود کو رجسٹرڈ کروایا، اب تک رجسٹرڈ ہونے والے مجموعی عازمینِ حج میں 1 لاکھ 36 ہزار مرد عازمین جبکہ 96 ہزار خواتین عازمین شامل ہیں۔
آن لائن رجسٹریشن کرانے والوں میں صوبائی لحاظ سے سب سے بڑی تعداد پنجاب سے1 لاکھ 8 ہزار عازمین نے رجسٹریشن کرائی، سندھ دوسرے نمبر پر رہا جہاں سے 71 ہزار اور خیبر پختونخواہ سے 33 ہزار عازمین نے اب تک اپلائی کیا ہے۔
مزید پڑھیں:نیب کراچی کی بڑی کارروائی، کروڑوں مالیتی ضبط شدہ جائیدادیں حکومت کے حوالے
وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ نئی ہدایات جاری ہونے تک حج 2027ء تا 2030ء کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا یہ ڈیجیٹل عمل بلا تعطل چوبیس گھنٹے جاری رہے گا، وزارت نے حج کے خواہش مند تمام شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آخری تاریخوں میں کسی بھی ممکنہ سسٹم اوور لوڈ یا رش سے بچنے کے لیے جلد سے جلد پاک حج ایپ یا پورٹل کے ذریعے اپنی آن لائن رجسٹریشن مکمل کر لیں۔












پیر 6 جولائی 2026 