جب آپ کے پاس جنگ بندی کا معاہدہ(Peace Accord) ہو اور ایران بنیادی طور پر اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو میرے خیال میں یہ انتہائی اہم ہے کہ امریکہ اس کا طاقت کے ساتھ جواب دے؛ سیکریٹری جنرل نیٹو مارک روٹے کی گفتگو
تہران، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی دوبارہ سر اٹھانے لگی ہے جہاں امریکہ نے ایران کے متعدد جنوبی ساحلی شہروں اور جزائر پر شدید فضائی بمباری کردی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، بندر عباس، قشم جزیرے اور سیریک میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
امریکی حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ لگنے اور ہلاکتوں و زخمیوں کی اطلاعات ہیں، بندر عباس میں فش پائر کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، امریکی بمباری کے فوری بعد بندر عباس سے آگ کے بلند شعلے اور دھوئیں کے سیاہ بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے، حملے کے نتیجے میں وہاں کھڑی عام ماہی گیروں کی متعدد کشتیوں کو آگ لگ گئی جو جل کر خاکستر ہو گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ ایران کے جنوبی ساحلی شہر سیریک اور قشم جزیرے میں بھی متعدد زور دار دھماکے سنے گئے، سیریک کے کمرشل پائر پر امریکی حملے کے دوران میزائل کے ٹکڑے لگنے سے متعدد عام افراد شدید زخمی ہو گئے، جزیرہ قشم پر ایک مرتبہ پھر دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، آبنائے ہرمز میں واقع اہم ترین جزیرہ خارگ پر بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں۔
اسی طرح ایران کی مہر نیوز ایجنسی نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ آج صبح جنوبی بندرگاہی شہر بوشہر اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
تاہم ایجنسی نے وہاں موجود اپنے نامہ نگار کا حوالہ دیتے ہوئے جزیرہ خارگ پر حملے کی رپورٹس کی تردید بھی کی تھی، لیکن ایران کے سرکاری پریس ٹی وی نے وہاں بھی دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔
ایران پر ہونے والے ان تازہ امریکی حملوں کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان عراق سے فوری طور پر وطن واپس پہنچ گئے۔
الجزیرہ نے اطلاع دی ہے کہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے ایران پر امریکی حملوں کے تازہ ترین سلسلے کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے انہیں بالکل ضروری اور ناگزیر قرار دیا۔
انقرہ میں نیٹو رہنماؤں کے سربراہی اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں واشنگٹن کا یہ سخت ردعمل بالکل جائز تھا۔
مزید پڑھیں:لاہور ائیرپورٹ، پوڈ کاسٹر ریحان طارق کو این سی سی آئی اے نےگرفتار کرلیا
جب آپ کے پاس جنگ بندی کا معاہدہ ہو اور ایران بنیادی طور پر اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو میرے خیال میں یہ انتہائی اہم ہے کہ امریکہ اس کا طاقت کے ساتھ جواب دے۔












بدھ 8 جولائی 2026 