بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر فوری بند کرے: صدر مملکت

Calender Icon پیر 13 جولائی 2026

صدرِ مملکت آصف علی زرداری(Asif Ali Zardari) نے یومِ شہدائے کشمیر پر 1931ء کے 22 شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

 انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر فوری بند کرے۔

صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری روکی جائیں، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا اور فوجی محاصرہ ختم کیا جائے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں بند کرے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ 5 اگست 2019ء کے یک طرفہ بھارتی اقدامات غیر قانونی تھے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرے، مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات، یو این قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

مزیدپڑھیں:ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ: پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی، کوارٹر فائنل میں رسائی یقینی

صدر آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ہر حال میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، اللّٰہ تعالیٰ شہدائے کشمیر کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔