وزیراعظم کا جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بڑے منصوبوں کا اعلان، 20 ملین ڈالر پاکستان وینچر فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ

Calender Icon بدھ 22 جولائی 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی خودمختاری، دفاعی صلاحیت اور معاشی ترقی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کا عزم دہراتے ہوئے روبوٹکس اور آٹونومس سسٹمز کی ترقی کے لیے سپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام کے آغاز اور20 ملین ڈالر کے پاکستان وینچر فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں انڈس راس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپوسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں مقامی صلاحیتوں کے فروغ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔

تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، اعلیٰ عسکری و سول حکام، ماہرین، محققین اور صنعت سے وابستہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے رواں سال مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں انڈس اے آئی سمٹ کی میزبانی کی، جبکہ اب انڈس راس ایکسپو اس وژن کو عملی شکل دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق روبوٹکس، ڈرونز اور آٹونومس سسٹمز نہ صرف ملکی دفاع کو مضبوط بنائیں گے بلکہ معیشت، زراعت، صنعت اور عوامی خدمات میں بھی انقلاب برپا کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا انقلاب صرف ترقی یافتہ ممالک یا بڑی کمپنیوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کے ثمرات کسانوں، چھوٹے کاروباروں، خواتین اور معاشرے کے کمزور طبقات تک بھی پہنچنے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں روبوٹکس اور جدید خودکار نظاموں کی ترقی کے لیے سپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام شروع کر رہی ہے، جس کے تحت عالمی معیار کی تحقیق، اختراع، اسٹارٹ اپس اور نئی ٹیکنالوجیز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس پروگرام سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر 20 ملین ڈالر کے پاکستان وینچر فنڈ کے قیام کا بھی اعلان کیا، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، اختراعات اور اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جدید آٹونومس سسٹمز، سائبر سکیورٹی اور مقامی ٹیکنالوجی کے ذریعے دفاعی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں دفاعی شعبے کے لیے جدید سیمولیٹرز مقامی سطح پر تیار کیے جا رہے ہیں جبکہ ڈرون ٹیکنالوجی میں بھی 60 فیصد سے زائد مقامی پیداوار حاصل کی جا چکی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کی جانب بڑھ رہا ہے اور تحقیق، اختراع اور مسلسل محنت کے ذریعے آئندہ نسلوں کے لیے ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی۔

if you want to create more options then add new post