مون سون بارشیں، صدر زرداری کی تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

Calender Icon جمعرات 23 جولائی 2026

صدر مملکت آصف علی زرداری (Asif Ali Zardari) نے مون سون بارشوں کے پیشِ نظر وفاقی اور صوبائی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔

صدر مملکت نے ہدایت کی کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA)، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (PDMAs) اور تمام متعلقہ مقامی ادارے مکمل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

انہوں نے بالخصوص گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں جاری بارشوں اور آبی صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے خدشات کے پیشِ نظر پیشگی حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور حساس مقامات پر ریسکیو وسائل، مشینری اور امدادی سامان پہلے سے تعینات رکھا جائے۔

مزیدپڑھیں:کراچی کے درجنوں علاقوں میں 10 گھنٹے سے زائد دورانیہ کے لئے بجلی بند رہے گی

صدر آصف علی زرداری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیاحوں اور مقامی آبادی کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کیے جانے والے موسمی انتباہات پر مکمل عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

صدر مملکت نے مون سون بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے امدادی کارروائیوں میں مصروف ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔