جنوبی وزیرستان میں دہشت گرد حملہ ناکام، خودکش بمبار سمیت 4 خوارج ہلاک

Calender Icon ہفتہ 25 جولائی 2026

راولپنڈی:خیبرپختونخوا کے ضلع  جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے بروقت کارروائی میں خودکش بمبار سمیت چار خوارج کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم  فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے جنوبی وزیرستان میں قائم سیکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونا چاہتے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔

مزید پڑھیں:ٹانک ،چیک پوسٹ پر حملہ ، 12 فوجیوں سمیت 15 شہید،12 خوارجی ہلاک

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ فورسز نے بارود سے بھری گاڑی کو چوکی کے احاطے سے باہر ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا اور چیک پوسٹ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ناکام حملے کے بعد تین دہشت گرد قریبی عمارت میں جا کر چھپ گئے، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران تینوں دہشت گرد بھی مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پوری کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام  کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔