اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے پیپلز پارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹوں کی گنتی سے پہلے ہی الزامات لگانا افسوسناک اور مضحکہ خیز ہے۔
اپنے بیان میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں وزیراعظم، حکومت اور پوری انتظامیہ پیپلز پارٹی کے پاس ہے، اس کے باوجود مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی کے الزامات عائد کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور وزراء بغیر سوچے سمجھے بیانات دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے فتح پور تکیال میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے واقعے میں مسلم لیگ (ن) کا کارکن بھی زخمی ہوا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران فتح پور تکیال میں فائرنگ کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کا ایک کارکن اور اہم رہنما ملک عاشق حسین جاں بحق ہوئے تھے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ الزام تراشی کے بجائے امن اور جمہوری عمل کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس بہترین اور محنتی ٹیم موجود ہے، جس نے انتخابی مہم کے دوران قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف، ان کی اپنی اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں پارٹی کے ترقیاتی کاموں اور مستقبل کے منصوبوں کو عوام کے سامنے رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام تر حکومتی وسائل کے باوجود پیپلز پارٹی کی جانب سے ووٹوں کی گنتی سے پہلے ہی الزامات کا سلسلہ شروع کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کا فیصلہ عوام کے ووٹ سے ہونا چاہیے اور تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوری روایات کا احترام کرنا چاہیے۔













پیر 27 جولائی 2026 

