ایران جانے کی کوشش، 14 افغان باشندوں کی لاشیں صحرا سے برآمد

Calender Icon ہفتہ 1 اگست 2026

جنوب مغربی افغانستان کے صحرا میں ایران جانے کی کوشش کرنے والے 14 افغان باشندوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ حکام کے مطابق کئی ہفتوں سے ان کی تلاش جاری تھی، یہ افراد گاڑی کے ذریعے ایران جانے کے لیے نکلے تھے تاہم راستے میں گاڑی خراب ہونے کے بعد انہوں نے پیدل سفرجاری رکھا۔

رپورٹ کے مطابق صوبہ نیمروز میں ان افغان باشندوں کی تلاش اس وقت شروع ہوئی جب ان کی گاڑی کا ڈرائیور شدید پیاس اور تھکن کی حالت میں ایک گاؤں پہنچا اور مدد طلب کی۔ابتدائی طور پر 5 لاشیں ملنے کے بعد حکام نے مزید 14 افراد کی تلاش شروع کی تھی جو پیدل سفر جاری رکھے ہوئے تھے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق نیمروز افغانستان کے گرم ترین اور خشک ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں اس وقت درجہ حرارت تقریباً 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہتا ہے۔مقامی اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کے روز 14 لاشیں ریت میں دبی ہوئی ملیں۔

مزید پڑھیں:فلسطینی قیدیوں کے فرار کی روک تھام کیلئے، اسرائیل کا مگرمچھ منصوبہ

دوسری جانب افغان حکام نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جبکہ وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے قومی نشریاتی ادارے کو جاری بیان میں کہا کہ حکام ’انسانی اسمگلنگ کے خلاف اپنی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں‘۔