پاکستانی کاروباروں کے لیے واٹس ایپ پر اے آئی اسسٹنٹ مائنا متعارف

Calender Icon بدھ 5 اگست 2026

ڈیجیٹل ٹرائب (Digital Tribe) نے پاکستانی کاروباروں کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی اسسٹنٹ مائنا (Myyna) کا فاؤنڈنگ پارٹنر پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔ مائنا ایک ایسا اے آئی معاون ہے جو کاروبار پہلے سے استعمال کرنے والے واٹس ایپ گروپس میں شامل ہو کر کمپنی کے اکاؤنٹنگ، انوینٹری اور سیلز سسٹمز سے براہ راست معلومات حاصل کرتا ہے اور صارفین کے سوالات کے جواب فراہم کرتا ہے۔

پاکستان میں بڑی تعداد میں کاروباروں کے روزمرہ معاملات واٹس ایپ گروپس کے ذریعے چلتے ہیں، جہاں سپلائرز، اکاؤنٹنٹس، فیکٹری سپروائزرز، رائیڈرز اور صارفین ایک ہی پلیٹ فارم پر رابطے میں رہتے ہیں۔ تاہم اکثر اہم معلومات چیٹس میں دب جاتی ہیں اور ایسے سوالات جن کے جوابات کمپنی کے سسٹمز میں پہلے سے موجود ہوتے ہیں، فوری طور پر دستیاب نہیں ہو پاتے۔

مائنا اسی مسئلے کو حل کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ کسی نئے موبائل ایپلیکیشن کے استعمال، ڈیٹا منتقل کرنے یا ملازمین کو نئی تربیت دینے کی ضرورت کے بغیر موجودہ واٹس ایپ گروپ میں ایک رکن کے طور پر شامل ہو جاتا ہے۔

اے آئی اسسٹنٹ اردو اور رومن اردو وائس نوٹس کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ جاز کیش (JazzCash) اور ایزی پیسہ (Easypaisa) جیسی سروسز کے ادائیگی کے اسکرین شاٹس کا تجزیہ بھی کر سکتا ہے۔ یہ چیٹ میں کیے گئے وعدوں اور کاموں کو ٹریک کرتا ہے اور کاروبار کے اپنے سسٹمز سے تازہ معلومات حاصل کر کے سوالات کے جواب دیتا ہے۔ ہر جواب کے ساتھ معلومات کے ماخذ اور ڈیٹا کی تازگی کی تفصیل بھی فراہم کی جاتی ہے۔

مزیدپڑھیں:سنی دیول کا ’ڈریم پروجیکٹ‘: بیٹوں کے ساتھ تاریخی فلم بنانے کا منصوبہ

کمپنی کے مطابق مائنا کو صارفین کے سسٹمز سے صرف “ریڈ اونلی” رسائی دی گئی ہے، یعنی یہ صرف معلومات دیکھ سکتا ہے لیکن کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں کر سکتا۔ اے آئی اسسٹنٹ قیمت تبدیل نہیں کر سکتا، آرڈر جاری نہیں کر سکتا اور نہ ہی رقم کی منتقلی کر سکتا ہے۔ اگر کسی دستاویز یا کارروائی کی ضرورت ہو تو یہ صرف مسودہ تیار کرتا ہے جسے متعلقہ شخص کی منظوری درکار ہوتی ہے۔

کاروباری تجربے سے مائنا کا آغاز

مائنا کے بانی فواد سلیم (Fawaad Saleem) ہیں، جو کراچی میں 2014 میں قائم کی گئی اے آئی فوکسڈ گروتھ ایجنسی ڈیجیٹل ٹرائب (Digital Tribe) کے سربراہ بھی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فن وینچر (Fun Venture) اور اسٹرائیک فورس پینٹ بال ایرینا (Strikeforce Paintball Arena) سے بھی وابستہ ہیں۔

فواد سلیم کے مطابق مائنا کا تصور ان کے اپنے کاروباری تجربات سے سامنے آیا، جہاں انہوں نے دیکھا کہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے ادارے بھی چند ہفتوں کے اندر اپنے کام کا بڑا حصہ واٹس ایپ گروپس پر منتقل کر دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کاروباری مالکان کو اکثر ایسی صورتحال کا سامنا ہوتا ہے جہاں رات گئے گروپ میں سوال پوچھا جاتا ہے، کئی لوگ اسے دیکھتے ہیں لیکن جواب اگلے دن ملتا ہے، جو کبھی پرانا یا اندازے پر مبنی ہوتا ہے۔ ان کے مطابق مسئلہ معلومات کی کمی نہیں بلکہ یہ ہے کہ معلومات ایسے سسٹمز میں موجود ہوتی ہیں جنہیں اس وقت کوئی کھول کر نہیں دیکھ رہا ہوتا۔

فواد سلیم نے کہا کہ مائنا کا مقصد کاروبار کے موجودہ طریقہ کار کو تبدیل کرنا نہیں بلکہ اسی جگہ پر سہولت فراہم کرنا ہے جہاں کاروباری سرگرمیاں پہلے ہی جاری ہیں، یعنی واٹس ایپ گروپس میں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مائنا کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ وہ کام نہیں کرتا جس کی اجازت نہ ہو۔ یہ کسی ایسے ڈیٹا تک رسائی حاصل نہیں کرتا جس کے لیے اسے اجازت نہ دی گئی ہو اور اگر کسی سوال کا جواب دستیاب نہ ہو تو اندازہ لگانے کے بجائے واضح طور پر بتاتا ہے کہ معلومات موجود نہیں۔

حقیقی کاروباری واٹس ایپ گروپ پر آزمائش

مائنا کے وعدوں اور کاموں کو یاد رکھنے کے نظام کو کراچی کے ایک ریٹیل کاروبار کے حقیقی واٹس ایپ گروپ پر آزمایا گیا۔ اس گروپ میں جون 2024 سے جولائی 2026 تک 4 ہزار 393 پیغامات کا جائزہ لیا گیا، جن میں انگریزی، اردو اور رومن اردو پیغامات شامل تھے۔

تجزیے کے دوران 36 انسانی طور پر نشان زد کیے گئے وعدوں کے مقابلے میں مائنا نے 81 فیصد وعدوں کی شناخت کی، جبکہ اس کی نشاندہی کیے گئے 97 فیصد معاملات کو حقیقی وعدے قرار دیا گیا۔

کمپنی کے مطابق مائنا کا نظام اس بات کو ترجیح دیتا ہے کہ غلط جواب دینے کے بجائے جواب دینے سے انکار کرے، خاص طور پر اس وقت جب متعلقہ سسٹم دستیاب نہ ہو یا معلومات پرانی ہو چکی ہوں۔

ابتدائی کاروباروں کے لیے مفت سہولت

مائنا نے ابتدائی پانچ کاروباروں کے لیے 30 دن کی مفت سہولت کا اعلان کیا ہے۔ اس کے لیے کسی معاہدے یا کریڈٹ کارڈ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ سیٹ اپ کا عمل ڈیجیٹل ٹرائب کی ٹیم مکمل کرے گی اور صارف کے تقریباً ایک گھنٹے کا وقت درکار ہوگا۔

مائنا کے چھ منصوبہ بند اے آئی ایجنٹس میں سے دو، یعنی سیکریٹری (Secretary) اور آپریشنز (Operations)، فی الحال فعال ہیں، جبکہ فنانس (Finance)، سیلز (Sales)، مارکیٹنگ (Marketing) اور ہیومن ریسورسز (HR) کے ایجنٹس پر کام جاری ہے۔

یہ پلیٹ فارم کوئک بکس (QuickBooks)، زیرو (Xero)، ٹیلی (Tally)، ایس اے پی بزنس ون (SAP Business One)، ای آر پی نیکسٹ (ERPNext)، اوڈو (Odoo)، شاپی فائی (Shopify)، گوگل شیٹس (Google Sheets) اور دیگر اندرونی کاروباری سسٹمز کے ساتھ اے پی آئی کے ذریعے منسلک ہو سکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق دلچسپی رکھنے والے کاروبار مائنا کے فاؤنڈنگ پارٹنر پروگرام میں شامل ہونے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔