ریسلنگ کی دنیا پرراج کرنیوالے پہلوان بروک لیسنر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

Calender Icon بدھ 5 اگست 2026

26 سال سے کُشتی (ریسلنگ) بالخصوص ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) میں راج کرنے اور متعدد مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والے عالمی شہرت یافتہ پہلوان بروک لیسنر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

بروک لیسنر نے نائجیریا سے تعلق رکھنے والے ان کے ہم پلہ ریسلر اوبا فیمی کے ہاتھوں سال کے دوسرے سب سے بڑے ایونٹ سمر سِلیم میں ہیل ان اے سیل میچ میں شکست کے بعد یہ اعلان کیا۔

مینیاپولس کے میدان میں منعقدہ ڈبلیو ڈبلیو ای سمر سِلیم کے موقع پر بروک لیسنر نے اپنے کیریئر کا آخری اور یادگار مقابلہ لڑا۔

’ہیل ان اے سیل‘ (Hell in a Cell) کے خوفناک اور فولادی پنجرے کے اندر اس سے قبل کھیلے گئے کسی بھی میچ میں بروک لیسنر کو شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ تاہم اس میچ میں ابھرتے ہوئے نوجوان اسٹار اوبا فیمی کے خلاف ایک سنسنی خیز اور سخت معرکے میں لیسنر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کا اختتام انتہائی جذباتی اور یادگار تھا جہاں مقابلے کے بعد اس عظیم تجربہ کار پہلوان نے خود کو ڈبلیو ڈبلیو ای کا ’ماضی‘ کہا جبکہ اوبا فیمی کا ہاتھ ہوا میں اٹھا کر انہیں ڈبلیو ڈبلیو ای کا ’مستقبل‘ قرار دے دیا۔

انہوں نے اس دوران مداحوں سے رنگ میں موجود رہتے ہوئے جذباتی تقریر کی اور رنگ سے رخصت لی۔ اس دوران اوبا فیمی بھی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔

بروک لیسنر نے اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی باضابطہ تصدیق ’دی پیٹ میکافی شو‘ میں گفتگو کے دوران کی۔

اپنے مداحوں اور ریسلنگ کی دنیا سے جذباتی ہوتے ہوئے انہوں نے کہا، ’میں آج یہاں اس انٹرویو کے ذریعے دنیا اور اپنے تمام مداحوں کو یہ بتانے آیا ہوں کہ میں اب ریٹائر ہو چکا ہوں اور میں دل سے ہر ایک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘

وہ اپنے پرانے دنوں اور عاجزانہ شروعات کو یاد کرتے بولے، ’میں ساؤتھ ڈکوٹا کے ایک فارم ہاؤس کا ایک عام سا بچہ تھا، جس کے سینے میں بڑے بڑے خواب، ایک بڑا دل اور کچھ ثابت کرنے کا جنون تھا۔ میں اس محبت اور عزت کے لیے خدا کا اور آپ سب کا انتہائی شکر گزار ہوں۔‘

انہوں نے تاکید کے ساتھ اپنے فیصلے پر مہر لگاتے ہوئے کہا، ’ہفتے کا دن بروک لیسنر کے لیے آخری دن تھا۔ اس ریسلنگ رنگ اور باقی تمام کھیلوں کے لیے میرا سفر بس یہیں تک تھا!‘

مزید پڑھیں:ایران غزہ پر جاری مذاکرات میں حماس کیساتھ کھڑا ہوگا، مسعود پزشکیان

لیسنر کا کہنا ہے کہ وہ اب اپنی بقیہ زندگی اپنے خاندان کے ساتھ سکون سے گزارنا چاہتے ہیں، اپنے بچوں کے اسپورٹس کیریئر میں ان کی رہنمائی کرنا چاہتے ہیں اور قدرت کے قریب رہتے ہوئے ایک عام زندگی سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔