عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 92.06 ڈالر اور برینٹ کروڈ 99.06 ڈالر فی بیرل پر آگیا، مربان خام تیل کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔
قدرتی گیس کے نرخ ایک فیصد سے زائد بڑھ گئے، پاکستان میں پیٹرول 369 روپے 6 پیسے اور ڈیزل 391 روپے 52 پیسے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔
مارکیٹ اعدادوشمار کے مطابق امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی (WTI) کی قیمت میں 4.19 فیصد جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل (Brent) کی قیمت میں 4.38 فیصد کمی ہوئی۔
مارکیٹ اعدادوشمار کے مطابق ڈبلیو ٹی آئی کروڈ فیوچرز 4.03 ڈالر کی کمی کے بعد 92.06 ڈالر فی بیرل پر آگئے جبکہ برینٹ کروڈ فیوچرز 4.54 ڈالر سستے ہونے کے بعد 99.06 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئے۔
اسی طرح مشرق وسطیٰ کے اہم خام تیل مربن (Murban) کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی اور یہ 1.27 ڈالر کی کمی کے بعد 100.90 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔
دوسری جانب قدرتی گیس کے نرخوں میں اضافے کا رجحان رہا اور نیچرل گیس فیوچرز 3 سینٹ اضافے کے بعد 2.925 ڈالر پر پہنچ گئے، جس میں 1.04 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے دوران پاکستان میں بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان میں چار نومبر کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 5.45 روپے کمی کی گئی اور پیٹرول 369.06 روپےفی لیٹر فروخت ہو رہا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.68 روپے کی کمی کی گئی جس کے بعد ڈیزل 391.52 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔یہ قیمتیں چار نومبر کے لیے تھیں۔
اس سے قبل 3 نومبر کو بھی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 76 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔
پاکستان میں عالمی قیمتوں میں کمی کا کتنا فائدہ ہوگا؟
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی پاکستان جیسے درآمدی ایندھن پر انحصار کرنے والے ملک کے لیے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ پاکستان اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے بڑی مقدار میں پیٹرولیم مصنوعات اور خام تیل درآمد کرتا ہے۔
عالمی قیمتوں میں کمی سے پاکستان کے درآمدی بل اور مقامی ایندھن کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوسکتا ہے تاہم عالمی منڈی میں قیمتیں گرنے کا فائدہ فوری طور پر پاکستانی صارفین تک پہنچنا ضروری نہیں۔
عالمی منڈی میں ڈبلیو ٹی آئی اور برینٹ کی قیمتوں میں موجودہ کمی برقرار رہتی ہے تو پاکستان میں آئندہ قیمتوں کے تعین کے دوران صارفین کو مزید ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:ECC ، دفاعی منصوبوں کیلئے 54 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظوری
تاہم اس کا انحصار درآمدی لاگت، روپے اور ڈالر کی شرح تبادلہ، عالمی سطح پر تیار شدہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں اور حکومتی محصولات پر ہوگا۔













بدھ 4 نومبر 2026 

