پی اے ای سی سربراہ پرویز بٹ “خاموش ہیرو، خراجِ عقیدت پیش: مشاہد حسین سید

Calender Icon جمعرات 6 اگست 2026

اسلام آباد: پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے سابق چیئرمین اور ممتاز ایٹمی سائنس دان پرویز بٹ کی یاد میں اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تعزیتی ریفرنس میں مقررین نے انہیں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کا”خاموش ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تعزیتی ریفرنس کا اہتمام سینیٹر مشاہد حسین سید نے کیا، جس میں پرویز بٹ کے اہلِ خانہ، سابق و موجودہ ایٹمی سائنس دانوں، انجینئرز، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے سابق حکام، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پرویز بٹ نے اپنی پوری زندگی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے لیے وقف کیے رکھی اور کبھی ذاتی تشہیر کے خواہاں نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں پرویز بٹ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پی اے ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر رضا علی انور نے کہا کہ پرویز بٹ ایک مثالی رہنما تھے جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، دیانت اور عملی قیادت سے ادارے کو نئی سمت دی۔ معروف صحافی حامد میر نے بھی ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان جیسے محب وطن سائنس دانوں کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

مزید پڑھیں:حوثی باغیوں کے یمنی فورسز پر میزائل حملے، 45 افراد ہلاک ہوگئے

تقریب کے دوران پرویز بٹ کی صاحبزادی ڈاکٹر شہزادہ بٹ نے انہیں ایک مثالی والد، شوہر اور پیشہ ور شخصیت قرار دیا، جبکہ تقریب کے اختتام پر ان کی قومی خدمات، پیشہ ورانہ مہارت اور پاکستان کے جوہری دفاع کو مضبوط بنانے میں کردار کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔