مصنوعی ذہانت(Artificial Intelligence) کے شعبے میں تیزی کے باعث میموری چپس کی عالمی قلت نے ٹیکنالوجی کمپنیوں کو متبادل ذرائع تلاش کرنے پر مجبور کردیا ہے، اسی سلسلے میں ایپل نے چین کی بڑی میموری چپ ساز کمپنی چانگ شن میموری ٹیکنالوجیز کی چپس اپنے آئی فون اور میک بکس سمیت مختلف مصنوعات میں آزمانا شروع کردی ہیں۔
امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی رپورٹ کے مطابق ایپل نے چینی کمپنی سے میموری چپس کی فراہمی کے حوالے سے ابتدائی بات چیت بھی کی ہے، جبکہ امکان ہے کہ ان چپس کو چین میں فروخت ہونے والی بعض مصنوعات میں استعمال کیا جائے گا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چانگ شن میموری ٹیکنالوجیز چین کی مارکیٹ ویلیو کے لحاظ سے سب سے بڑی چپ ساز کمپنی ہے، جو اپنی پیداوار بڑھانے کے لیے بیجنگ میں دوسرا میموری چپ پلانٹ قائم کرنے پر غور کررہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیپ ٹاپ بنانے والی کمپنیوں ایچ پی اور ایسر نے بھی عالمی سطح پر میموری چپس کی قلت کم کرنے کے لیے امریکا سے باہر فروخت ہونے والے بعض آلات میں چانگ شن میموری ٹیکنالوجیز کی چپس استعمال کرنا شروع کردی ہیں۔
مزیدپڑھیں:آپ کے بچے کے نام پر بھی ایزی پیسہ اکاؤنٹ کھل سکتا ہے، طریقہ کیا ہے؟
چانگ شن میموری ٹیکنالوجیز اب دنیا کی 4 بڑی میموری چپ ساز کمپنیوں میں شامل ہوچکی ہے اور اس کی تیار کردہ ڈی آر اے ایم چپس اسمارٹ فونز، لیپ ٹاپس اور سرورز میں استعمال ہوتی ہیں۔
مصنوعی ذہانت نے میموری چپس کی طلب بڑھا دی
مصنوعی ذہانت کے لیے بڑے پیمانے پر ڈیٹا مراکز کے قیام نے میموری چپس کی طلب میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے۔ ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے باعث عالمی سطح پر میموری چپس کی فراہمی دباؤ کا شکار ہے۔
دنیا کی 3 بڑی میموری چپ ساز کمپنیاں سام سنگ، ایس کے ہائنکس اور مائیکرون بھی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔
مصنوعی ذہانت کے لیے قائم کیے جانے والے ڈیٹا مراکز میں زیادہ منافع بخش چپس کی طلب بڑھنے کے باعث کمپنیوں نے صارفین کے اسمارٹ فونز اور کمپیوٹرز کے لیے دستیاب چپس کے مقابلے میں ڈیٹا مراکز کو ترجیح دینا شروع کردی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
چین کی چپ ساز کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت نے امریکا اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی کے میدان میں جاری کشیدگی کو بھی مزید نمایاں کردیا ہے۔ امریکی حکام چانگ شن میموری ٹیکنالوجیز اور یانگ زی میموری ٹیکنالوجیز کو چینی فوج سے متعلق کمپنیوں کے طور پر نامزد کرچکے ہیں، تاہم دونوں کمپنیاں ان الزامات کی تردید کرتی ہیں۔













پیر 10 اگست 2026 

